ڈی سی اور رحیم یار خان کا سمکہ میخن بند کا دورہ،جاری کام کا معائنہ کیا

بدھ 1 جولائی 2015 14:25

خان پور۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ڈی سی اور رحیم یار خان کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے سمکہ میخن بند کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لئے تمام محکمے 12 جولائی تک تیاری مکمل کرلیں۔ لوگوں کے بروقت انخلاء کو یقینی بنائیں ۔ ضلع رحیم یار خان کا سو میل کا علاقہ سیلاب سے متاثر ہوتا ہے تاہم حفاظتی بندوں کی صورت حال تسلی بخش ہے اس موقع پر ایس ای انہار احسان احمد خان نے بریفننگ میں بتایا کہ محکمہ انہار نے حفاظتی بندوں کی نگرانی کے لئے فلڈ پلان تیار کرلیا ہے۔

ضلع رحیم یار خان میں 100 میل کا علاقہ سیلاب سے متاثر ہوتا ہے تاہم چار مقامات سمکہ ‘ میخن بند ‘ بنوں واہٹ ‘ بنگلہ دل کشا اور رحیم یار خان اور راجن پور کے درمیان میخن بند کا علاقہ خطرناک تھے جس کے لئے محکمہ انہار اقدامات کررہا ہے جبکہ متوقع سیلاب میں سمکہ ‘ چاچڑاں شریف ‘ بنوں واہٹ اور بھونگ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

سمکہ میخن بند کی مضبوطی کے لئے 1500 سو فٹ پتھروں کا ایپرن اور 2500 مونٹ میخن بندکی مکمل بحالی کے لئے کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک منصوبے کا 80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس سے موضع سمکہ اور پنجند کینال سسٹم خطرے سے ٹل گئے ہیں اس موقع پر 1122 کے انچارج نے متوقع سیلاب کے حوالے سے کی گئی تیاری کا ماسٹر پلان بتایا۔ ڈی سی او رحیم یار خان نے کہا کہ محکمہ انہار اور تحصیل انتظامیہ (خانپور) آپس میں رابطہ کاری کو موثر بنائیں بعد ازاں انہوں نے محکمہ انہار کے افسران کے ہمراہ سمکہ میخن بند کی مضبوطی کے جاری کام کا معائنہ کیا۔