‘اے جی پی آر کو کرپٹ مافیا سے صاف کر دیا جائے گا،تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی؛آڈیٹر جنرل آف پاکستان ‘

بدھ 1 جولائی 2015 14:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا اسد امین نے کہا ہے کہ ادارے کو کرپٹ مافیا سے صاف کر دیا جائے گا اور تقرریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کریں گے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں رانا اسد امین کا کہنا تھا کہ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے پہلے ہی چند کرپٹ حکام کو اعلی عہدوں سے ہٹا دیا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید تبدیلیاں لائی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کو پروفیشنل خطوط پر چلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی تجویز سے اتفاق کیا ہے کہ فی الحال پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس گروپ ایک رہے گا ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی سربراہی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے قریبی روابط رکھے جائیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ آڈٹس رپورٹ کو آئندہ سال جون تک حتمی شکل دی جائے ۔ آڈٹ گروپ کے کام سے نیب اور ایف آئی اے بھی اپنی تفتیش میں استفادہ کر سکیں گے ۔

آڈیٹر جنرل نے کہا کہ آڈٹ افسران کو پیشہ وارانہ لحاظ سے موثر بنانے کے لئے آئی ٹی تربیت دی جائے گی ۔ آڈٹس رپورٹ کے بارے انہوں نے کہا کہ ان کے پیشرو نے آڈٹ رپورٹس دستخط کے ساتھ مجاز اتھارٹی کو بھیج دی ہیں اور وہ آئندہ دسمبر تک ان کے زیر التواء حصقوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :