بی بی سی کی رپورٹ سے بھارتی بدنما چہرہ واضح ہوگیا‘رپورٹ میں ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات انتہائی سنجیدہ ہیں،ایم کیو ایم الزامات سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کرے

گورنر گلگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کابیان

بدھ 1 جولائی 2015 15:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ نے بھارت کا مکروہ اور بدنما چہرہ دنیا پر واضح کردیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک اچھی شہرت کے حامل صحافتی ادارے کی جانب سے اس قسم کی رپورٹ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور اس سے پاکستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوئی ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تقسیم ہند کے وقت ہی سے بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے سرگرم ہے جس کا واضح اعتراف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش دورے کے دوران مشرقی پاکستان کو علیحٰدہ کرنے میں اپنے کردار کے حوالے سے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی دنیا میں بھارتی مداخلت سے متعلق اپنے مؤقف کی تائید کے لیے متعدد سفارتی اقدامات کررہی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارتی منفی کردار کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے خلاف بھرپور کاروائی کرے اور مقبوصہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے بھارت پر دباؤبڑھائے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ میں ایم کیو ایم اور بھارت کے مابین جن تعلقات کا ذکر کیا گیا ہے وہ انتہائی سنجیدہ اور افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کے حوالے سے شواہداکٹھے کرنے کے لیے وزارت داخلہ نے برطانوی حکام سے رابطہ کیا ہے۔ رپورٹ درست ثابت ہونے کی صورت میں ایم کیو ایم کی مستقبل کی سیاست کے لیے انتہائی سنجیدہ سوالات کھڑے ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :