جھنگ روڈ گرڈ سٹیشن پر 40میگاواٹ استعداد کا پاور ٹرانسفارمر نصب کردیا گیا

بدھ 1 جولائی 2015 15:30

فیصل آباد ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم کی خصوصی ہدایت پر 132کے وی جھنگ روڈ گرڈ سٹیشن پر40میگاواٹ استعداد کا پاور ٹرانسفارمر نصب کردیا گیا ہے جبکہ فیسکو کی جانب سے ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے 20گھنٹے کی شٹ ڈاؤن لی گئی تھی لیکن جی ایس سی اور جی ایس او کے محنت کش عملے نے ریکارڈ ٹائم میں اس کی تنصیب مکمل کردی جسے بعدازاں ضروری ٹیسٹنگ کے بعد چالو کردیا گیا۔

چیف انجینئر ٹی اینڈ جی فیسکونظام الدین مروت نے بتایا کہ اس پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب پر6کروڑ 42لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور اس کوجلد از جلد نصب کرنے کیلئے کرین کا استعمال کیا گیا تاکہ گرم موسم میں صارفین کو زیادہ دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس سی اور جی ایس او سٹاف نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے مذکورہ ٹرانسفارمر کو بھی مقررہ وقت سے پہلے نصب کردیا جو لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صارفین کے بڑھتے ہوئے لوڈ اور نئے کنکشنز کی وجہ سے گرڈ سٹیشن پر اوورلوڈنگ اوروولٹیج کی کمی کے مسائل کا سامنا تھا مگر اس نئے پاور ٹرانسفارمر کے اضافے سے 132کے وی جھنگ روڈ گرڈپر اوورلوڈنگ اور فورس لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگااور اس گرڈ سے فیڈ ہونیوالے علاقوں میں وولٹیج کی کمی بھی دور ہوجائے گی جس سے صارفین کو سہولت ملے گی اور نئے صنعتی ،تجارتی اور گھریلو کنکشنز کا تیزی سے اجراء ہوسکے گا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب اگلے مرحلے میںآ ئندہ چند دنوں میں132کے وی بھکر گرڈ سٹیشن کے اوورلوڈ ٹرانسفارمر کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ گرمیوں میں اوورلوڈنگ اور وولٹیج کی کمی پر قابو پایا جاسکے ۔