کام چور اساتذہ کو ملازمت سے فارغ کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی گئی

بدھ 1 جولائی 2015 15:36

فیصل آباد ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) سکولوں سے بلاجواز غیر حاضر رہنے والے عادی و کام چور اساتذہ کو ملازمت سے فارغ کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ سکولوں میں تدریسی ماحول کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے بغیر اجازت اور بغیر اطلاع ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے اساتذہ سمیت کام چور و عادی اساتذہ کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس ضمن میں کسی کی سماجی حیثیت کا بھی خیال نہ رکھاجائے تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد مل سکے۔

ڈی سی اوفیصل آباد نورالامین مینگل نے محکمہ تعلیم فیصل آبادکے ای ڈی او ، ڈی ای او سیکنڈری ، ڈی ای او ایلیمنٹری مردانہ و زنانہ اور دیگر حکام کو ہدایت کی ہے کہ ٹریننگ پروگرام میں شرکت نہ کرنیوالے ضلعی محکمہ تعلیم کے ٹیچرز کیخلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے ان کی سالانہ انکریمنٹ روک لی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایجوکیشن روڈ میپ پروگرام کے تحت تعلیمی اہداف حاصل کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسیوں پر عملدرآمد کے واضح نتائج سامنے آنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ رپورٹس کے تحت شرح حاضری مطلوبہ معیارسے کم ہونے پر متعلقہ ایجوکیشن آفیسر کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔