سٹیٹ بینک کا نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے میں بے قاعدگی کے مرتکب بینکوں کے خلاف کاروائی اور بھاری جرمانوں کا اعلا ن

بدھ 1 جولائی 2015 15:51

فیصل آباد ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے میں بے قاعدگی کے مرتکب بینکوں کے خلاف کاروائی اور بھاری جرمانوں کا اعلا ن کیاہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی یا صارفین کی شکایات پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد ریجنل آفس کے ذرائع نے بتایاکہ بینک نے عید الفطر کے سلسلہ میں نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی شروع کردی ہے جبکہ نئے نوٹ سٹاک ختم ہونے یا عید سے قبل آخری ورکنگ ڈے تک فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اصل کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ دکھانے اوراس کی کاپی فراہم کرنے پر تمام منظور شدہ شیڈول بینکوں کی برانچز میں آنیوالے کھاتہ داران اور دیگر شہریوں کو صرف ایک مرتبہ 10اور 20روپے والے کرنسی نوٹو ں کا ایک ایک پیکٹ فراہم کیاجائیگا۔

انہوں نے بتایاکہ بینک دولت پاکستان نے 50، 100، 500اور 1000 روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ بھی محدود تعداد میں جاری کئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ نئے کرنسی نوٹوں کی صارفین کو فراہمی کیلئے ملک بھر میں موجود مختلف شیڈولڈ و کمرشل بینکوں کی 10ہزار کے قریب برانچز سے بھی استفادہ کیاجائیگا۔