پیف نے ماہانہ حاضری کا الیکٹرانک نظام متعارف کروا دیا

بدھ 1 جولائی 2015 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبہ ایجوکیشن وؤچر سکیم سے منسلک سکولوں کی سہولت کے لیئے الیکٹرانک حاضری کا جدید ترین ماہانہ نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ پارٹنر سکولوں کی ہدایت کی گئی ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ماہانہ حاضری ہر ماہ کی پانچ تاریخ تک پیف کو فراہم کر دی جائے۔

(جاری ہے)

پیف کے جاری شدہ سرکلر کے مطابق پارٹنر سکولوں کی سہولت کے لیئے 3جولائی کو ضروری تربیت کا بندو بست بھی کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان کی ہدایت پر الیکٹرانک حاضری کے کمپیوٹرائزڈ نظام کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حاضری کے اس جدید نظام کا مقصد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی تعلیمی منصوبوں کو مزید شفاف اور اپ ٹو ڈیٹ رکھنا ہے۔