پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں؛سوئٹزر لینڈ کے قونصل جنرل ایمل ویس

بدھ 1 جولائی 2015 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین مضبوط ، دیرینہ و دوستانہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں۔ دونوں ممالک کے مفاد میں دوطرفہ سیاحت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع دستیاب ہیں جس پر توجہ دی جائے تو سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ کئی سوئس کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ بزنس کررہی ہیں جو پاک سوئس اقتصادی و کمرشل تعاون کی بہترین عکاسی کررہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سوئٹزر لینڈ کے قونصل جنرل ایمل ویس نے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کے سوئس قونصلیٹ کے دورے کے موقع پر کیا انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کے حامل پاکستا ن کا شمار دنیا کی اہم معیشتوں میں ہوتا ہے اور اس ملک کی نوجوان نسل کا ٹیلنٹ اور شہریوں کی مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہورہے۔

(جاری ہے)

اقتصادی ترقی کے عوامل پاکستان کی معیشت میں موجود ہیں۔

پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے ،ملکی اور غیر ملکی میڈیا جس طرح پاکستان کی تصویر کشی کرتا ہے وہ زمینی حقائق سے بالکل برعکس ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کی دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ ہوائی رابطے اور دوطرفہ سیاحت کے فروغ کیلئے TAAPکی جدوجہدکی تعریف کی ۔انہوں نے بتایاکہ سوئس سفارتخانے کے زیرِ انتظام پاکستان سوئٹزرلینڈ فرینڈشپ نمائش کا آغاز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 29 مئی سے ہوچکا ہے جو 100 دن تک جاریٍ رہے گی۔

پاکستان سوئٹزرلینڈفرینڈشپ نمائش کا مقصددونوں ممالک کے مابین دیرینہ و دوستانہ دوطرفہ تعلقات کومزید اجاگر کرنا ، پاکستان کی مثبت تصویر کشی ،

اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔نمائش کے اغراض و مقاصد کی ترویج کیلئے انہوں نے ایسوسی ایشن سے تعاون کی درخواست کی۔ مزید برآں پاکستا ن اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سیاحت کی ترویج کیلئے قونصل جنرل نے TAAP کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں قونصل جنرل کی دعوت پر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک وفد نے چیئرمین محمد حنیف رنچ کی قیادت میں ہمراہ یحیٰی پولانی چیئرمین FPCCI ایوی ایشن کمیٹی و سابق چیئرمین TAAP ، محمد ندیم شریف چیئرمین FPCCI حج و عمرہ کمیٹی و سابق چیئرمین TAAP ،امین ولی محمد سینئر نائب چیئرمین FPCCI امورِخارجہ کمیٹی ،سید جاوید حسن سینئر نائب چیئرمین FPCCI ٹریول و ٹورازم کمیٹی اور خادم رسول سیکریٹری جنرل سوئس قونصلیٹ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین TAAP نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا اور بتایا کہ دونو ں ممالک کے درمیان بہترین کمرشل و اقتصادی تعاون کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سیاحتی معلومات اور کاروباری وفود کے تبادلے اہمیت کے حامل ہیں ۔ سوئس برانڈزو مصنوعات پاکستان میں اپنے معیار کی وجہ سے مشہور ہیں۔

ایسوسی ایشن کے وفد کے اراکین نے بھی ملاقات میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قونصل جنرل کے پاکستا ن کے بارے میں مثبت اور تعمیر ی خیالات قابلِ تحسین ہیں انہوں نے پاک سوئس دوستانہ نمائش کی ترویج کیلئے ایسوسی ایشن کے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ TAAP مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کے انعقاد میں سوئس قونصلیٹ کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون کرے گی۔

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان (TAAP) پاکستان کی اقوامِ عا لم میں حقیقی اور مثبت تصویر کشی کے لیے پُر عزم ہے اور دوست ممالک اور پاکستان کے مابین سیاحت کے فروغ کیلئے نئی راہیں تلاش کررہا ہے۔ایسوسی ایشن اپنے سوئس مدمقابل کے ساتھ دوطرفہ سیاحت کے فروغ کیلئے باہمی امور کی یادداشت پر دستخط اور مشترکہ تعاون کے ذریعے سیاحتی سرگرمیاں بڑھانے کی خواہا ں ہے۔TAAP اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی سوئٹزر لینڈ کے ساتھ معاشی ، اقتصادی و سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی خواہشمند ہیں۔

متعلقہ عنوان :