ڈینگی وائرس کی روک تھا م ،بچاؤ کیلئے سندھ خصوصاً کراچی میں فوری اقدامات کئے جائیں،علی زیدی

بدھ 1 جولائی 2015 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر علی زیدی نے سندھ حکومت اور سٹی گورنمنٹ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی وائرس کی روک تھا م اور اس سے بچاؤ کے لئے سندھ اور خصوصاً کراچی میں فوری اقدامات کئے جائیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال ڈینگی وائرس سے سندھ بھر میں 623لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں جس میں سے602کا تعلق کراچی سے تھا۔

ہم حکومت سندھ اور سٹی گورنمنٹ انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈینگی سے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر فوری نوٹس لیں اور اس سے نمٹنے کے لئے ٹھو س اقدامات کئے جائیں۔ یہ باتیں انہوں نے میڈیا سیل کراچی کے دفتر میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امجد جاہ، رفاقت عمر، ڈاکٹر سنجے اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ اب تک صوبائی وزیر صحت کی جانب سے ڈینگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی روک تھا م کے لئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے۔ جیسا کہ سب نے دیکھا کہ کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے ہونے والی ہلاکتوں پر سندھ حکومت نے کتنی لا پرواہی کی جس سے غریب اور بے گھر افراد زیادہ متاثر ہوئے ۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ڈینگی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر جائے اور سندھ حکومت حسب روایت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو جائے۔ لہذا حکومت کو چاہئے کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور گلی کوچوں اورنالوں کی صفائی کے لئے مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ اس خطر ناک بیماری سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :