کراچی میں حالیہ گرمی سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے ،وزیراعلیٰ سندھ

کے الیکٹرک کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کر رہا ہے ،شہریوں کی زندگی ،کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں ،سید قائم علی شاہ وفاق کے الیکٹرک کے معاملات کو درست کرے ،نگرانی کانظام سندھ حکومت کے حوالے کیا جائے ،وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو تمام ادارے حکومت کے ماتحت ہیں ،کے الیکٹرک بارے شکایات کا وزارت پانی و بجلی اور نیپرا جائزہ لے رہی ہے،وزیراعظم کی یقین دہانی

بدھ 1 جولائی 2015 17:18

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی میں حالیہ گرمی سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے ۔ کے الیکٹرک کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کر رہا ہے ، جس سے کراچی میں شہریوں کی زندگی نہ صرف متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں ۔

وفاق کے الیکٹرک کے معاملات کو درست کرے اور اس کی نگرانی کانظام سندھ حکومت کے حوالے کیا جائے ۔ با خبر ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بدھ کو وزیر اعظم سے ون ٹو ون ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے صوبائی حکومت کے افسران کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ حکومت کی مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر افسران کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں ، جس سے سندھ حکومت کے انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں اور یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومت کے معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت بھی کرپشن کے خلاف بھرپور جدوجہد کر رہی ہے اور اس حوالے سے اینٹی کرپشن کے محکمہ کو فعال بنایا جا رہا ہے ۔ وزیری اعلیٰ نے کہا کہ کراچی آپریشن کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ احتساب کے ادارے کارروائی ضرور کریں لیکن اس حوالے سے سندھ حکومت کی مجاز اتھارٹی کو آگاہ کریں اور تمام اداروں کو اپنے حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے ۔

اس معاملے پر وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کے الیکٹرک کے حوالے سے شکایات کا وزارت پانی و بجلی اور نیپرا جائزہ لے رہی ہے ۔ تمام ادارے حکومت کے ماتحت ہیں ۔ کے الیکٹرک کے حوالے سے شکایات کو دور اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت پانی و بجلی کے الیکٹرک کے معاملات کو دیکھے گی اور کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کی شکایات کو قانون کے مطابق حل کیا جائے گا ۔ صوبائی حکومت کو بھی کرپشن کی شکایات پر کارروائیوں کو مزید تیز کرنا چاہئے ۔