صوبہ کے تمام ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا خود جائزہ لے رہے ہیں‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

مہنگائی ، غیر معیاری اشیاء کی فراہمی ،ذخیرہ اندوزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن

بدھ 1 جولائی 2015 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزراء ودیگر سرکاری حکا م رمضان بازاروں میں اعلی کوالٹی پھل ، سبزیوں و دیگر اشیائے خوردونوش کی مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،اشیاء کی کوالٹی اور ان کی رسد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادباغ ، وحدت کالونی ، ندیم شہید روڈ و دیگر رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری یا مہنگی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں تاکہ رمضان بازاروں میں شہریوں کو معیاری اشیاء سستے داموں دستیاب ہو سکے ۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اس موقع پر خریداروں سے اشیاء کی کوالٹی ،قیمت اور رسد کے بارے میں دریافت کیا ۔

انہوں نے گرمی کے موسم کے پیش نظر رمضان بازاروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مناسب تعدادمیں ایئر کولر اور پنکھے بھی لے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پررمضان المبارک کے دوران سستے رمضان بازاروں کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے خصوص سٹال بھی رمضان بازاروں میں لگائے گئے ہیں اور اعلی کوالٹی کی سبزیاں اور پھل دستیاب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور صوبہ میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔