سپیشل مانیٹرنگ یونٹ لاء اینڈ آرڈر کا ’’ٹوکن ٹیکس شناختی سٹکرز‘‘ جاری کرنے کا اعلان

سٹکرز کا مقصد ٹوکن ٹیکس ادا کرنیوالوں کی نادہندگان سے علیحدہ شناخت کے ذریعے ان کے احترام میں اضافہ ہے سٹکرز ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے موقع پر لائف ٹائم ، سالانہ ،سہ ماہی بنیادوں پر جاری ہونگے

بدھ 1 جولائی 2015 17:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (ایس ایم یو)لاء اینڈ آرڈر ،وزیراعلیٰ آفس نے محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن کے تعاون سے ’’ٹوکن ٹیکس شناختی سٹکرز‘‘ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سٹکرز ایس ایم یو کے ٹرانسپورٹ سہولت پروگرام کا ایک حصہ ہیں۔ سینئر ممبرایس ایم یو سلمان صوفی اور سیکرٹری ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن علی طاہر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ٹرانسپورٹ ریفارم پروگرام کی قیادت کر رہے ہیں۔

یہ سٹکرز صوبہ بھر میں یکم جولائی سے دستیاب ہیں اور ان کا مقصد ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والوں کی سڑکوں کے چیک پوائنٹس پرنادہندگان سے علیٰحدہ شناخت کے ذریعے ان کے احترام میں اضافہ اور مشکلات کا خاتمہ ہے۔ حکومت نے تمام ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والوں کو’’ ویری امپورٹنٹ ٹیکس پیئرقرار دیا ہے اس تصور کو اگلے مرحلے میں پنجاب حکومت کے تمام ٹیکس وصول کرنے والے اداروں میں نافذ کیا جائے گا کیونکہ حکومت پنجاب کے مطابق شہریوں کو ان کے سماجی رتبے کے حساب سے نہیں بلکہ ان کے قانون کے احترام کے عزم کے حوالے سے اہم سمجھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

یہ شناختی سٹکرز ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے موقع پر ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں لائف ٹائم ، سالانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر جاری ہوں گے جن پر ان کی تاریخ میعاد بھی نمایاں طور پر درج ہوگی۔ سکیورٹی فیچرز کی وجہ سے ان کی نقل نہیں بنائی جاسکے گی۔ یہ سٹکرز گاڑیوں کی ونڈ شیلڈز پر لگائے جائیں گے۔