برٹش کونسل اور ایچ ای سی کے تعاون سے پنجاب یونیورسٹی میں ایکٹو سٹیزن پروگرام کا آغاز

بدھ 1 جولائی 2015 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ہائرایجوکیشن کمیشن اور برٹش کونسل کے تعاون سے پنجاب یونیورسٹی میں ایکٹو سٹیزن پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، 8 شعبہ جات سے منتخب فیکلٹی ممبران اور برٹش کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے کہا کہ پروگرام کا مقصد اساتذہ اور طلباء و طالبات میں انٹر کلچرل ڈائیلاگ اور بین الثقافتی ابلاغ کی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے اساتذہ اور طلباء کو پراجیکٹ کی منصوبہ بندی کرنے، عملدرآمد کرنے اور سماجی ترقی میں نوجوانوں کے کردار میں کو بااثر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام پاکستان میں امن کے قیام، خوشحالی اور مثبت امیج کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔ پروگرام کی فوکل پرسن راحلہ راحت اور عاصمہ یونس نے برٹش کونسل کی ٹیم کو یونیورسٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر برٹش کونسل کی ٹیم نے پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔ اس سلسلے میں فیکلٹی ٹریننگ سیشن کا آغاز ستمبر میں ہو گا۔

متعلقہ عنوان :