الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی نشانات کی فہرست جاری کر دی،صدر مملکت سے 22 نئے انتخابی نشانات کی منظوری کے باوجود نشانات کی تعداد کم پڑگئی، آزاد امیدواروں کوالاٹمنٹ میں مشکلات کا سامنا

بدھ 1 جولائی 2015 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے انتخابی نشانات کی فہرست جاری کر دی،کمیشن کے پاس کل انتخابی نشانات 215 ہیں،جبکہ رجسٹرڈ جماعتوں کی تعداد 307تک جا پہنچی،صدر پاکستان سے 22 نئے انتخابی نشانات کی منظوری کے باوجود انتخابی نشانات کی تعداد کم پڑگئی، آزاد امیدواروں کو نشانات کی الاٹ منٹ میں مشکلات کا سامنا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو وفاقی دار الحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں انتخابی نشانات کی کمی کا سامناکرنا پڑ رہا ہے، اس وقت پاکستان میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، کمیشن کے پاس رجسٹرڈ جماعتوں کی تعداد 307تک جا پہنچی ہے جبکہ ای سی پی کے پاس کل انتخابی نشانات 215 ہیں اور یہ تمام نشانات بھی سیاسی جماعتوں کو جاری ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیشن کو آزاد امیدواروں کیلئے بھی نشانات کی کمی کا سامنا ہے، اس صورتحال میں ای سی پی حکام انتخابی نشانات کے مسئلے پر سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ ذرائع کے مطابق ایک ہی نشان کو دو بار استعمال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان سے 22 نئے نشانات کی منظوری لی تھی،ان نئے نشانات کے باوجود ای سی پی نشانات کی شدیدکمی کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق ان حالات میں الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد امیدواروں کو 2بطخیں، 2 مرغیاں، 2 پشاوری چپل سمیت دیگر نشانات دیئے جائیں گے۔