دانش سکولوں کا ٹنڈورا پیٹنے والے حکمران اساتذہ کو فوراً اُن کے واجبات ادا کریں ‘ عابد حسین صدیقی

بدھ 1 جولائی 2015 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں اساتذہ کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جائے اُس معاشرے کی تربیت کیا ہو گی، تعلیم دوستی کی دعوے دار حکومت نے شعبے تعلیم کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے اساتذہ کو معاشرے کے ہونہاروں کی تربیت کی بجائے اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر لانے والی مسلم لیگ ن کی حکومت ایک خاص منصوبے کے تحت ملک کا تعلیمی نظام تباہ کرنے کے درپے ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قابل احترام اساتذہ کو ایک سال سے تنخواہوں سے محروم رکھنے پر ساری قوم کا سر شرم سے سرشار ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں نہ رینگنا حکمرانوں کی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دانش سکولوں کا ٹنڈورا پیٹنے والے حکمران اساتذہ کو فوراً اُن کے واجبات ادا کریں اور خدارا ملک کی تعلیمی نظام کو تباہی کے دھانے پر نہ پہنچایں۔