جنوبی پنجاب کی تعمیروترقی کیلئے 303 ارب 6 کروڑ روپے خرچ ہوں گے‘ ملتان میں زرعی یونیورسٹی اور بہاولنگر میں میڈیکل کالج قائم ہوں گے ،صوبائی وزیر سوشل ویلفیئرسید ہارون احمد سلطان بخاری

بدھ 1 جولائی 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب جنوبی پنجاب کی تعمیروترقی کے لئے 303 ارب 6کروڑ روپے خرچ کرے گی۔اس امر کا اظہار صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے ملتان سے تعلق رکھنے والے وفد سے اپنے آفس میں ملاقات کے دوران کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کو مقدم رکھتے ہوئے آبادی سے زیادہ فنڈز مختص کئے ہیں۔

مالی سال کے دوران جنوبی پنجاب کے لئے 10 میگا پراجیکٹس کے لئے 300 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملتان میں میٹروبس پراجیکٹ کے لئے 26 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے لئے 30 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک کے قیام پر 150 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دیہات میں سڑکوں کی تعمیرومرمت پر 67 ارب 50 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔ خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ‘ بہاولپور ویٹرنری یونیورسٹی‘ میاں محمد نوازشریف یونیورسٹی ملتان اور مظفر گڑھ میں طیب اردوان ہسپتال کی 500بیڈز تک توسیع کے منصوبے پر 9 ارب 38 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ بہاولپور‘ بہاولنگر اور مظفر گڑھ کے علاقوں میں 4 ارب روپے کی لاگت سے غربت کے خاتمے کے لئے ’’جنوبی پنجاب غربت مکاؤ‘‘پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔

چولستان میں خصوصی وزیراعلیٰ ترقیاتی پیکج کے تحت تعمیروترقی پر ایک ارب 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں رودکوہیوں سے آنیوالے سیلابی ریلوں کی روک تھام کے منصوبوں پر 10 ارب 60 کروڑ روپے صرف کئے جائینگے۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کی تعمیروترقی کیلئے 3 ارب 38 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ بہاولپور سے حاصل پور تک 70کلومیٹر دورویہ سڑک کی تعمیر پر 4 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔

متعلقہ عنوان :