موجودہ حکومت تمام حکومتی ا ختیارات کونچلی سطح پر منتقل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے،صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان

بدھ 1 جولائی 2015 18:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء )خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام حکومتی ا ختیارات کونچلی سطح پر منتقلی کی پالیسی پر گامزن ہے تاکہ عوام کو تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جاسکیں۔بلدیاتی انتخابات کے بعد اب فنڈز اور بھرتی کے اختیارات بھی نچلی سطح پر منتقل ہوں گے صوبائی ملازمین کے گریڈایک تا18کے ہر قسم کے اختیارات کو اضلاع کی سطح پر لایا جائے گا انہوں نے کہاکہ تمام تعلیی اداروں میں زنانہ کلریکل عملہ کی تعیناتی،ہر سطح پر کرپشن کے خاتمے اور سکول کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس بنیادوں پر کام جاری ہے لہذا ہم اساتذہ سمیت تمام ملازمین کو ساتھ لیکر خوشحال اور اسلامی پاکستان کے نقشے میں رنگ بھریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری مالیات خیر اﷲ حواری کی قیادت میں دیر بالا تنظیم اساتذہ کے ذمہ داران پر مشتمل وفد کیساتھ گفتگو کے دوران کیا۔صوبائی وزیرنے کہاکہ انتہائی قلیل عرصے میں انتہائی نامساعد حالات کے باوجود موجودہ حکومت نے ہزاروں کی تعداد میں ملازمین کی ریگولر اپ گریڈیشن کی۔

ہزاروں ملازمین کو ترقی دی گئی۔ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ کا حصہ بنایا۔پی ایچ ڈی الاؤنس کو بڑھاکر دس ہزارکر دیا۔مزیدمراعات دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔سفارشات کی روشنی میں سال رواں میں مزید مراعات دی جائیں گی۔دریں اثناء بشپ آف پشاور نے سینئروزیر بلدیات سے ان کے دفتر پشاور میں ملاقات کی اور اقلیتی برادری کو درپیش بعض مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ عنایت اﷲ نے یقین دلایاکہ اقلیتوں کے مسائل اور مشکلات کاترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجائے گا۔