سندھ کو درپیش مسائل وزیراعظم نواز شریف کے سامنے اٹھانے پر وزیراعلیٰ سندھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اراکین صوبائی اسمبلی پاکستان پیپلزپارٹی

بدھ 1 جولائی 2015 18:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سید ناصر حسین شاہ، خورشید احمد جونیجو، اﷲ بخش تالپور، سید ضیا عباس شاہ اور خیر النسا مغل نے سندھ کو درپیش مالی، معاشی اور تکنیکی مسائل کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان سے ہونے والی ملاقات میں سندھ کے باسیوں کے مسائل اٹھانے پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ نہ صرف وزیراعلیٰ سندھ بلکہ وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے بھی جس موثر انداز میں سندھ کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کی وہ اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پیپلز پارٹی ہی سندھ کے عوام کا درد رکھنے والی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا عوام سے رشتہ بہت گہرا ہے۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم کی اس یقین دہانی کو بھی انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو سندھ کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے تاہم وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ سندھ کے مسائل کے حل کے لئے قائم کردہ تین رکنی کمیٹی کو اس بات کا پابند بنائیں کہ صرف میٹنگز کرنے اور بیانات جاری کرنے کی بجائے عملیت پسندی کا مظاہرہ کریں تاکہ حقیقی معنی میں عوام کی خدمت کی جاسکے۔