ڈی جی رینجرز سندھ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے مہاجر نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں اور رہائی کے عیوض لاکھوں روپے مانگنے کا نوٹس لیں ،مہاجررابطہ کونسل کا مطالبہ

بدھ 1 جولائی 2015 18:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) مہاجررابطہ کونسل کی مرکزی کابینہ کے اراکین نے کہاہے کہ گزشتہ دنوں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی میں سالانہ 230ارب کے غیر قانونی پیسے پر تفصیلی رپورٹ پیش کی تھی لیکن انہوں نے آج تک کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے عام مہاجر شہریوں سے رہائی کے عیوض لاکھوں روپے بھتہ لینے کا نوٹس نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں معصوم مہاجر نوجوانوں کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے اور رہائی کے عیوض انکے اہل خانہ سے لاکھوں روپے کی مانگ کی جارہی ہے جبکہ جو غریب شہری ایسے اہلکاروں کو پیسے فراہم نہیں کر سکتا اسکے پیارے کو جھوٹے اور بے بنیاد کیسوں میں پھنساکرانہیں تعصب او ر سرکاری ٹارچر سیلوں میں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا جاتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں سے سڑکوں پر اسنیپ چیکنگ کے نام پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے روزانہ لاکھوں روپے کی مد میں پیسہ وصول کر رہے ہیں لیکن رینجرز کے اعلیٰ حکام نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں موجود ایسی کالی بھیڑوں کے خلاف تاحال کوئی ایکشن نہیں لیاہے۔اراکین مہاجر رابطہ کونسل نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے مہاجر نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاریوں اور انکی رہائی کے عیوض لاکھوں روپے بھتہ وصولی کا بھی نوٹس لیں اور ایسے عناصر کیخلاف بھی سخت کارروائی کریں۔

متعلقہ عنوان :