دو برسوں میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکے تو وزیر اعظم عوام کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں‘ عبدالعلیم خان

ملازمین کو ساڑھے سات فیصد پر ٹرخانے والوں کا اپنی تنخواہوں میں 33فیصد اضافہ افسوسناک ہے‘ بیان

بدھ 1 جولائی 2015 18:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے اگر دو برسوں میں لوڈشیڈنگ کے عذاب کو ختم نہیں کرسکے تو کم از کم وزیر اعظم عوام کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں لوگوں کو صبر کی تلقین کرنے والے اپنی انتخابی مہم کی تقاریر دوبارہ ملاحظہ کریں جب وہ سینے پر ہاتھ مارکر چھ ماہ اور ایک سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کرتے تھے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ نے درحقیقت پیپلز پارٹی سے نفرت کا ووٹ لیا تھا اور اب خود اس جماعت کی کارکردگی اس سے بھی بدتر ہے کیونکہ شریف برادران نے گذشتہ دو برسوں میں کاغذی معاہدوں پر دستخط کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا اور حقائق کے برعکس سولر اور کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے مہنگے ترین اور ناقابل عمل منصوبے شروع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جن پر میڈیا میں بھی تحفظات کا اظہار ہورہا ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات نہ ماریں انہیں علم ہونا چاہیے کہ عالمی منڈیوں اور دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں پہلے ہی پٹرول اور تیل کی قیمتیں کہیں زیادہ ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دوسری طرف مالیاتی بل میں سرکاری ملازمین کو ساڑھے سات فیصد پر ٹرخانے والوں کا اپنی تنخواہوں میں 33فیصد اضافہ افسوسناک ہے عوام کے ٹیکسو ں پر عیاشی کرنے والے حکمرانوں کو جواب دہ ہونا ہوگا عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اور اسے دو وقت کی روٹی ملنا محال ہے لیکن پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی کرنے اور انکے مسائل کو حل کرنے کی بجائے اپنے مفادات کے تحفظ کو ترجیح دے رہی ہے وہ آج یہاں پی ٹی آئی گلبرگ آفس میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

متعلقہ عنوان :