بلدیہ شرقی میں ہفتے میں تین دن خصوصی صفائی مہم کا انعقاد اور نئی کچرا کنڈی کی تعمیرکا آغاز فوری کرنے کی ہدایت

بدھ 1 جولائی 2015 18:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ بلدیہ شرقی کی حدود میں صفائی و ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، اس سلسلے میں بلدیہ شرقی میں روٹین کی صفائی کے علاوہ ہفتے میں کم از کم تین دن خصوصی صفائی مہم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف علاقوں اور بالخصوص کچرے اور مٹی کے ڈھیر اٹھائے جائیں گے جبکہ سوئپرز کیلئے بھی واضح حکمت عملی مرتب کرکے سسٹم متعارف کرایا جائے جس سے بلدیہ شرقی میں صٖفائی ستھرائی کے نظام میں مستقل بنیادوں پر بہتری آسکے یہ ہدایات انہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی نادر خان اور بلدیہ شرقی کے تمام محکمہ جاتی افسران سے میٹنگ کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد نے بلدیہ شرقی کی حدود میں کچراکنڈیوں کے فقدان پر فوری نئی کچرا کنڈیوں کی تعمیر کی ہدایات جاری کیں جبکہ رات کی شفٹ میں سوئپنگ کیلئے بھی ہدایات دی گئیں مزید براں ماہ رمضان میں طارق روڈ اور بہادرآباد کے دونوں ٹریک پر چنگ چی رکشاؤں کے ذریعے کچرے کو اٹھاکر قریبی کچراکنڈی رابی سینٹرکے نزدیک منتقل کیا جائیگا جہاں سے بروقت گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن منتقل ہوگا۔

ایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ ماہ رمضان میں عوام کے ریلیف کیلئے کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے اس سے متعلق مکمل رپورٹ وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کو دی جائی گی جبکہ بلدیہ شرقی کی مساجد میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ مزید براں انہوں نے ایکسی این بی اینڈ آر جمشید شاہد چوہدری کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں گٹر کے ڈھکن موجود نہیں وہاں فی الفور لگائے جائیں۔علاوہ ازیں انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی آگاہی کو مزید فعال کرنے اور1122 پر موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔