جنوبی وزیرستان ٗ افغان فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے 2اہلکار زخمی

سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی پر افغان فورسز کی جانب سے شیلنگ بند کی گئی

بدھ 1 جولائی 2015 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) جنوبی وزیرستان میں افغان فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے 2اہلکار زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ میں بارڈر پر افغان فورسز نے فائرنگ اور مارٹر گولوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں افغان فورسز کی شیلنگ سے اہلکار زخمی ہوئے ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی پر افغان فورسز کی جانب سے شیلنگ بندہو گئی بعد ازاں زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں میں خیبر ایجنسی اور جنوبی وزیرستان کے قبائلی خطے میں کشیدگی دیکھنے میں آ رہی ہے۔کشیدگی میں اضافے کی وجہ طالبان کے حالیہ دنوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں حملے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ افغان پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس کا الزام پاکستان کی خفیہ ایجنسی پر لگایا گیا تھا۔دریں اثناء افغان حکومت نے الزام لگایا ہے کہ پاکستانی حکام نے سرحد کے اس پار تعمیرات بنانے کی کوشش کی ہے ، افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا کہ مشرقی صوبے پکتیکا میں افغان فورسز نے پاکستانی حکام کو تعمیرات سے منع کرنے کیلئے فائرنگ کی تھی۔

خیال رہے کہ شمالی وزیر ستان اور خیبر ایجنسی میں پاکستان کی فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر کی وجہ سے شدت پسند کے ان علاقوں ٹھکانے ختم کیے جا رہے ہیں اور وہ علاقہ چھوڑ کر سرحد پار پناہ لے رہے ہیں۔