ملک کی موجودہ جمہوری قیادت نیک نیتی کے ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے:ملک رفیق رجوانہ

مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے، گورنر پنجاب

بدھ 1 جولائی 2015 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ جمہوری قیادت نیک نیتی کے ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور ان کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے - انہو ں نے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے یہی وجہ ہے کہ اس مقصد کے لیے موثر حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے- ان خیالات کا اظہارانہو ں نے برانڈرتھ روڈ ٹریڈرزایسوسی ایشن کے گیارہ رکنی وفد سے گفت گو کے دوران کیا جنہو ں نے چیئرمین انیس اقبال ڈار کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی -گورنر پنجا ب نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ(ن) کو اقتدار ملا ملک میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو بے حد فروغ ملا اور ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی - انہو ں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے عملی طور پر کوشاں ہیں اور ان کی تاجر دوست پالیسیوں کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں-انہو ں نے کہا کہ تاجر برادی ملک کو اربوں روپے کے ریونیوفراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں اس لیے ملکی معیشت میں ان کا کردار بے حد اہم ہے-گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ تنقید کو کھلے ذہن اور بڑے دل کے ساتھ برداشت کیا ہے کیونکہ ہر تنقید میں اصلاح کا پہلو بھی ہوتا ہے تاہم محض تنقید برائے تنقید کرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے -اس موقع پر تاجروں نے گورنر پنجاب کو بنکوں میں لین دین کے دوران اعشاریہ چھ فیصد کٹوتی پر اپنے تحفظات اور برانڈرتھ روڈ مارکیٹ میں تجاوزات اور پارکنگ کے مسائل کے بارے میں بتایا-گورنر کو بتایا گیا کہ برانڈرتھ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے سے پارکنگ کے پچیس فیصد مسائل ختم ہو سکتے ہیں جبکہ مارکیٹ کے قریب کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر تاجروں کو خاصا ریلیف فراہم کرے گا-گورنر پنجاب نے ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی -تاجروں کے وفد نے اپنے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا -بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے آج گورنر ہاؤس لاہور میں مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ پنجاب کے صدر سید مشتاق حسین شاہ نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مسلم لیگ(ن) کے سینئر وائس پریذیڈنٹ مختار لودھی کے علاوہ دیگر اہم عہدیداران بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر جماعت کے ورکرز کے لئے جو کہ مسلم لیگ (ن) کا حقیقی اثاثہ ہیں عملی اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام اور ترقی کے لئے وزیر اعظم کی سربراہی میں قومی قیادت ہر چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہے اور ایسے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے جن سے بلا تخصیص تمام علاقوں کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم ہوں۔

گورنر نے کہا کہ ہمیں اس وقت مختلف چیلنجز کے ساتھ ساتھ ا نرجی کے بحران کا بھی سامنا ہے جس کے حل کے لئے میگا پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد ان مسائل پر قابو پا لیا جائے گا۔ اس موقع پر وفد نے گورنرپنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :