رمضان بازاروں میں لوگوں بالخصوص عورتوں اور بچوں اور بوڑھوں کے آرام کا خصوصی بندوبست کیا جائے‘صوبائی وزیر محمد اقبال چنڑ

بدھ 1 جولائی 2015 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے مختلف رمضان بازاروں کے دوروں کے دوران انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں خریداری کے لئے آنے والے لوگوں بالخصوص عورتوں اور بچوں اور بوڑھوں کے آرام کا خصوصی بندوبست کیا جائے- اسی طرح عوام کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے - انہوں نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی اشیاء کی قلت کی شکایت نہیں ہونی چاہیے - صوبائی وزیر نے صحافیوں کو بتایا کہ کمشنر ز اور ڈی سی اوز کو رمضان بازاروں کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے صرف کی کوالٹی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں - اس ضمن میں کم وزن کرنے والے دکانداروں ، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے-انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے رمضان پیکج کے انتہائی مفید نتائج سامنے آئے ہیں - رمضان بازاروں میں کنٹرول ریٹ پر عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خوردنی فراہم کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ رمضان بازاروں میں غذائی اجناس کی کمی نہ ہونے پائے- انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سٹالز پر اشیائے صرف کی ریٹ لسٹیں واضح اور بڑے حروف میں لکھ پر آویزاں کی جائیں- اس موقع پر انہوں نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے ویژن کیمطابق رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے گزشتہ سال کی نسبت اس رمضان بازاروں میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں واضح کمی ہے اورعوام حکومت کے رمضان پیکج سے بھرپور مستفید ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ اس معیار کو مزید بہتر بنانے کی حکومتی کوششیں جاری رہیں گے- انہوں نے کہا کہ گوشت کی کوالٹی بارے شکایات کے ازالہ کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اس پر بھی قابو پالیا جائے گا۔