پاکستان اور روس کے اقتصادی تعلقات میں بڑے بریک تھرو کا امکان

روس پاکستان میں ایل این جی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری پر رضا مند ہوگیا وزیراعظم نواز شریف کے دورہ روس کے دوران معاہدہ پر دستخط ہوجائیں گے‘اعلی سفارتی ذرائع

بدھ 1 جولائی 2015 21:00

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) پاکستان اور روس کے اقتصادی تعلقات میں بڑے بریک تھرو کا امکان پیدا ہوگیا ہے، روس پاکستان میں ایل این جی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری پر رضا مند ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ روس کے دوران معاہدہ پر دستخط ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

اعلی سفارتی ذرائع کے مطابق روس اور پاکستان نے طویل سرد جنگ کے بعد دوطرفہ اقتصادی و معاشی تعلقات کو بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس سلسلہ میں روس کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن بچھانے پر رضا مند ہوا ہے۔ اس منصوبے پر روس 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 70 ء کی دہائی کے بعد اقتصادی تعلقات میں نیا موڑ آیا ہے اور توقع ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے آئندہ ہفتہ دورہ روس کے دوران معاہدہ باضابطہ طے پا جائے گا۔