تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے‘ چیف سیکرٹری پنجاب

تاریخی عمارتیں اور مقامات قومی اثاثہ ہیں‘خضر حیات گوندل کا پنجاب ہرٹیج فاؤنڈیشن کے اجلاس سے خطاب

بدھ 1 جولائی 2015 21:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے فعال کردار ادا کریں۔وہ یہاں سول سیکرٹریٹ میں پنجاب ہر ٹیج فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدات کررہے تھے۔ اجلا س میں پنجاب ہری ٹیج فاؤنڈیشن کے انتظامی اور مالی معاملات زیر غور آئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ قومی اثاثہ ہے جس کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی حامل عمارتوں اور مقامات کے تحفظ سے متعلق شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ کا تحفظ ہمارا قومی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تاریخی عمارتوں اور مقامات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے تمام متعلقہ محکمے محنت سے کام کریں اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں سے بھی مدد حاصل کی جائے۔

ڈی جی آرکیالوجی ڈاکٹر عصمت طاہرہ نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب میں 400 عمارتوں اور مقامات کو تاریخی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ ماہر آثار قدیمہ ڈاکٹر محمود حسین نے کہا کہ محکمہ آرکیالوجی کی فہرست میں بہت کم عمارات اور مقامات کو شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب میں بہت سے ایسے مقامات ہیں جن کو تاریخی ورثہ کی فہرست میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں ایم پی اے رانا محمد ارشد، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری بلدیات، ڈائریکٹر لاہور میوزیم،سابق پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس ساجدہ ونڈل اور اعلی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :