ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ’’دہشتگردوں کوابدی‘‘انجام تک پہچاناہوگا ‘علامہ راغب حسین نعیمی

عالم اسلام کی بقاء کیلئے مسلمان ذاتی اختلافات ختم کرکے اسلام کی سر بلندی کیلئے کردار ادا کریں ‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

بدھ 1 جولائی 2015 21:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)معروف مذہبی اسکالرجامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ’’دہشتگردوں کوابدی‘‘انجام تک پہچاناہوگا۔ عالم اسلام کی بقاء اور استحکام کیلئے مسلمان اپنے ذاتی اختلافات ختم کرکے اسلام کی سر بلندی کیلئے کردار ادا کریں۔مسلمہ امہ کے زوال کی بنیادی وجہ اسلام کے’’ فلسفہ اتحاد‘‘سے انحراف اورروگردانی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں علماء و مشائخ کے ایک وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے ساتھ انکو پنا ہ دینے ،مالی معاونت اور ہمدردی اور حمایت کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے اور انکے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کو ملک بھر میں پھیلایا جائے جہاں بھی دہشت گردوں اور انکے حامیوں کی اطلاح ہو فی الفور ایکشن لیتے ہوئے کاروائی کی جائے اور انکا مکمل صفایا کیا جائے جب تک ایک بھی دہشت گرد یا اس کا حامی موجود رہے گاافراتفری کا ما حول اور خوف کی فضاء قائم رہے گی ۔ہم تاریخ کے نازک موڑ پرکھڑے ہیں ۔ہمارا دشمن متحد اورمنظم ہے جبکہ ہم فرقہ ورایت کے نام اپنوں کے ہی گلے کاٹنے میں مصروف ہیں۔امت کے روشن مستقبل کے لئے علماء ومشائخ منبر و محراب سے وحدت امت کادرس دیں۔وطن عزیزسے دہشتگردی کاخاتمہ کئے بغیر ملکی ترقی وخوشحالی ممکن نہیں ہے۔