ہم مادرِوطن کے دفاع کے فرض سے پوری طرح آگاہ ہیں،سربراہ پاک فیضائیہ

پاک فضائیہ اپنی آزادی اور خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، ائیر چیف مارشل سہیل امان

بدھ 1 جولائی 2015 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) ہم اپنے مادرِوطن کے دفاع کے فرض سے پوری طرح آگاہ ہیں اور پاک فضائیہ اپنی آزادی اور خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ائیر وار کالج پی اے ایف بیس فیصل میں 28ویں ائیر وار کورس کی کانووکیشن تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے سر براہ نے گریجویٹنگ آفیسر ز سے کہا کہ پاک فضائیہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی تکمیل کے لئے شاندار روایات کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ ہو یا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پاک فضائیہ تینوں افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ نے گریجویٹنگ آفیسرز کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے ائیر وار کالج کی جانب سے کورس کے شرکاء کو قومی دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھ کر دی جانے والی تربیت اور مہارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں کمانڈنٹ ائیر وار کالج ائیر وائس مارشل پیر زادہ کمال الدین احمد صدیقی نے کورس رپورٹ پیش کی۔گریجویٹ ہونے والے آفیسرز کا تعلق پاک فضائیہ، آرمی اور نیوی کے علاوہ سات دوست ممالک کی افواج سے ہے جن میں بنگلہ دیش، چین، ایران، اردن، ملائیشیاء، سری لنکا اور ترکی شامل ہیں۔ تقریب میں اعلیٰ فوجی وسول عہدیداران اور دوست مماک کے سفیروں نے شرکت کی۔