سیل میں تمام دستیاب املاک کی انٹریز کو مکمل کرکے اسے کم سے کم مدت میں کمپیوٹرائزڈ کیا جائے،حاجی مظفرعلی شجرہ

ہم جدید دو ر میں رہ رہے ہیں ،جدید دور کے تقاضوں ،ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے املاک و اشیاء کو محفوظ کرنا چاہیے

بدھ 1 جولائی 2015 21:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے کوآرڈی نٹر برائے چیف منسٹر انکوائریز ٹیم حاجی مظفرعلی شجرہ نے متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہتھیاروں اور دیگر آلات کی کورٹ پراپرٹی ڈپازٹ سیل (مال خانہ)میں انونٹیری کو کم سے کم مدت میں مکمل اور کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی محکمہ صحت کو سندھ پولیس اسپتال میں اسپیشلسٹ فزیشن /سرجن ، اینتھیساسٹ اور گائنالاجسٹ سرجن کی خدمات فراہم کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ پولیس اہلکاروں کو سہولت میسر آسکے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو کورٹ پراپرٹی ڈ پازٹ سیل کراچی اور سندھ پولیس اسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر کہی ۔ انہوں نے کورٹ پراپرٹیز سیل کراچی کے ریکارڈ کی دیکھ بھال اور حفاظت پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیل میں تمام دستیاب املاک کی انٹریز کو مکمل کرکے اسے کم سے کم مدت میں کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جدید دو ر میں رہ رہے ہیں لہٰذا ہمیں جدید دور کے تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ان املاک و اشیا کو محفوظ کرنا چاہیے۔ بعد ازاں وزیراعلی سندھ کے کوآرڈینیٹر نے سندھ پولیس اسپتال کا اچانک دورہ کیا ور پولیس اہلکاروں کو فراہم کردہ طبی سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے سندھ پولیس اسپتال میں اسپیشلسٹ فزیشن /سرجنز کی عدم دستیابی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ سندھ پولیس اسپتال میں اسپیشلسٹ سرجن اور فزیشن ہونے چاہیں تاکہ آرتھو پیڈک سرجریز اور دیگر مہلک بیماریوں کی الشفا اسپتال کراچی میں علاج معالجے پر ہونے والے بھاری اخراجات سے بچا جا سکے جو کہ اسپیشلسٹ فزیشن /سرجن کی عدم دستیابی کے باعث ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پولیس کے ہر شعبے کو مضبوط کرنے اور جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے 64ارب روپے مختص کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو جدید خطوط پر سہولتیں فراہم کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت ، لاپرواہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :