Live Updates

صمصام بخاری ، اشرف خان سوہنا او ر عارف لاشاری کی عمران خان سے ملاقات ،سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان ، تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

بدھ 1 جولائی 2015 21:25

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) سابق وفاقی وزیر سید صمصام علی بخاری ، پنجاب کابینہ کے سابق رکن محمد اشرف خان سوہنا اور اوکاڑہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد عارف خان لاشاری نے اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اورسینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی قائدین اور کارکنان کا خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں صحت مند تبدیلی کیلئے اپنا سفرجاری رکھے گی اور وہ وقت دور نہیں جب ملک سے روایتی طرز سیاست کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان میں صحیح معنوں میں اسلامی اور فلاحی نظام قائم ہو گا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی ، سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید صمصام علی بخاری پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور نائب صدر کے طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے جبکہ اشرف خان سوہنا پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کی صدارت کے ساتھ پیپلز پارٹی لیبر ونگ پنجاب کے صدر بھی تھے۔منڈی بہاؤاالدین سے سابق رکن صوبائی اسمبلی اکرام اﷲ ان کے بیٹے اور ملتان سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے بھی ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات