اسلام آباد، ایس ای سی پی نے بے ضابطگیوں پر دو بروکریج کمپنیوں کی رجسٹریشن معطل کر دی

بدھ 1 جولائی 2015 21:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) سیکورٹیز مارکیٹ میں حصص کاشفاف لین دین اور سرمایہ کاروں کے سرمائے کا تحفظ سیکورٹیزاینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے مارکیٹ سے متعلق قوانین کے موثر اطلاق کیلئے ایس ای سی پی کوشاں ہے اور ان قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والے شراکت داروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

اپنے اسی مینڈیٹ کے مطابق ایس ای سی پی نے حال ہی میں تمام رجسٹرڈ بروکر کمپنیوں کے نیٹ کیپیٹل بیلنس (Net Capital Ballance) کی تصدیق کا عمل شروع کیا جس میں ان بروکر کمپنیوں کے آڈیٹرز سے براہ راست ان کمپنیوں کے کیپیٹل بیلنس کے سرٹیفیکیٹ کی تصدیق لی گئی۔ یہ سرٹیفیکیٹ ایک بروکر کمپنی کی جانب سے سٹاک مارکیٹ میں حصص کالین دین کر نے کیلئے کمپنی کی مالی پوزیشن واضح کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس مشق کے دوران کراچی اسٹاک ایکس چینج میں رجسٹرڈ بروکریج ہاوس، پاک میزان پرائیوٹ لمیٹڈ (M/s Pak Meezan Securities (Private) Limited) اور لاہور اسٹاک ایکس چینج میں رجسٹر ڈ بروکر ہاوس، ریلائنس کیپیٹل پروئیویٹ لمیٹڈ(M/s Reliance Capital (Private) Limited) کے آڈیٹرز نے ان کمپنیوں کی جانب سے ایس ای سی پی کو جمع کروائے گئے نیٹ کیپیٹل بیلنس کے سرٹیفیکٹ کی تصدیق سے معذرت کر لی۔

ان کمپنیوں کی جانب سے ایس ای سی پی کو جعلی سرٹیفکیٹ جمع کروانے پر ان دونوں بروکر کمپنیوں کے خلاف انکوائری شروع کی گئی۔ اس بات کے ثابت ہونے پر کی دونوں بروکر کمپنیوں نے جعلی سرٹیفیکیٹ ایس ای سی پی کو جمع کروایا تھا، ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ‘ بروکر اینڈ ایجنٹ رجسٹریشن رولز 2001کے تحت ان دونوں بروکر کمپنیوں کی رجسٹریشن چھ ماہ کے عرصے کے لئے معطل کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :