معیشت کی مضبوطی کیلئے ملک میں سودسے پاک نظام چاہتے ہیں ،انجینئر حافظ نعیم الرحمن

بدھ 1 جولائی 2015 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)امیرجماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سودی معیشت کسی صورت حلال ذریعہ نہیں ۔معیشت کی مضبوطی کے لیے ملک میں سود سے پاک نظام از حد ضروری ہے ۔قاتلوں کو تختہ دار پرلٹکانے اورغریب کوخوشحال بنانے کا عزم لے کر میدان عمل میں نکلے ہیں ۔قوم دیانت دار لوگوں کومنتخب کرے گی تو اس کا ووٹ صدقہ جاریہ ہوگا ۔

اﷲ کے قانون کے مطابق اجتماعی طورپر غلطی کرنے والوں کو اجتماعی طورپر سزابھی بھگتنی پڑتی ہے۔روزہ اﷲ کے لیے رکھا جاتا ہے ایسے میں لاشعوری کی کیفیت کو شعورمیں لانے کی ضرورت ہے ۔قوم کے پیسوں اورٹیکسوں پر پلنے والے حکمران عوام کا درد بھول گئے ،کسی صورت بددیانت اورخائن حکمرانوں کوملک سے فرار نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی فیصل کینٹ گلشن جمال کے تحت سالانہ روایتی دعوت افطارسے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

اس موقع پر قیم جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر ،نائب امیر ضلع سید افتخاراحمد اورمقامی ذمہ داران محمد امیر،نسیم اختر ودیگر بھی موجودتھے ۔ اسلام اور شریعت محمد ی پر مشتمل نظام کا قیام چاہتے ہیں جہاں عوام کی فلاح وبہبود کا مکمل انتظام موجود ہو۔ حکومت سازی اور سیاست دین کا جزو ہیں ۔دین سے ان کوجدا کرنا درست عمل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول عالمی منڈی میں سستا سے سستا ہواچلاجارہا ہے اور ہمارے حکمرانپیٹرول کی قیمتیں کم کر نے پر تیار نہیں ہیں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گرمی کے ستائی عوام حکومت سے انصاف مانگتے ہیں ۔

کسی صورت عوام کی خواہشوں کا خون نہیں ہونے دیں گے ۔پروگرام سے نائب امیر ضلع سید افتخاراحمد ،مقامی ذمہ داران نسیم اختر اور محمد امیر نے بھی خطاب کیا ۔عوامی دعوت افطار میں اہلیان محلہ کی جانب سے علاقے میں پانی کی کمی ،قبرستان میں جگہ کی کمی ،جبری صدقہ فطر اور زکوۃکی وصولی سے نجات کے لیے قراردادیں بھی پیش کی گئیں جنہیں کثرت رائے سے منظور کیا گیا ۔