جب پارٹی قیادت اصولوں پر ثابت قدم رہتی ہے تو کبھی کبھی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،شوکت محمود بسرا

جو لوگ ایسے حالات سے گھبرا کر پارٹی کے ساتھ بے وفائی کرتے ہیں تو مستقبل میں انہیں پریشانی اور پشیمانی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا،پارٹی چھوڑنے والوں کے اعلان پرردعمل

بدھ 1 جولائی 2015 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکریٹری شوکت محمود بسرا نے کہا ہے کہ جب پارٹی قیادت اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہتی ہے تو کبھی کبھی مشکل حالات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ جو لوگ ایسے حالات سے گھبرا کر یا کسی اور وجہ کا بہانہ بنا کر پارٹی کے ساتھ بے وفائی کرتے ہیں تو مستقبل میں انہیں پریشانی اور پشیمانی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

پارٹی کے چند افراد کی طرف سے پارٹی چھوڑنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے شوکت بسرا نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن اور بھٹو خاندان کے ہمدرد اور حامی آج بھی پارٹی کے ساتھ ہیں اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بہت سارے لوگوں نے پارٹی اور پارٹی قیادت سے بے وفائی کی انہیں پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ شوکت بسرا نے کہا کہ عوام بہترین منصف ہیں مستقبل میں آنے والے انتخابات میں سیاسی بے وفاؤں کے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو ماضی میں کرتے رہے ہیں۔