پی ایس 93 ، جانچ پڑتال کے دوران تمام لفافے غائب ، تھیلے خالی،سیشن جج رپورٹ الیکشن کمیشن کو روانہ کریں گے

عمران خان کو حفیظ الدین کی دھاندلی کیوں نظر نہیں آتی، عبد الرزاق

بدھ 1 جولائی 2015 22:18

پی ایس 93 ، جانچ پڑتال کے دوران تمام لفافے غائب ، تھیلے خالی،سیشن جج ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) پی ایس 93 کے کاغذات کے جانچ پڑتال کے دوران تمام کاغذات غائب تھے الیکشن کمیشن نے خالی تھیلے عدالت کے حوالے کئے ، ایڈیشنل اینڈ سیشن جج جسٹس ظہور احمد ھکڑو اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو روانہ کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ویسٹ 4 جسٹس ظہور احمد ھکڑو کی عدالت میں بدھ کو سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 93 کے کاغذات کی جانچ پڑتال ہوئی ، اس موقع پر فریقین جماعت اسلامی کے عبد الرزاق خان اور تحریک انصاف کے حفیظ الدین سمیت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نمائندے برائے جانچ پڑتال سید اسد اسسٹنٹ الیکشن کمیشن ویسٹ بھی موجودتھے ۔

ریٹرننگ آفیسر جسٹس ظہور احمد ھکڑو نے جب متعلقہ تھیلے کھولے تو جانچ پڑتال کا تمام سامان تھلیوں سے غائب تھا واضح رہے کہ 9 پولنگ اسٹیشن ( 71,78,80 2,23,29,32,55,68,)کی جانچ پڑتال ہونی تھی ۔

(جاری ہے)

جانچ پڑتال جس سامان کی ہونی تھی اس میں مارک شدہ الیکٹروول ووٹر لسٹ ، کاؤنٹر فائل ، اسٹیٹمنٹ آف فارم ، غیر استعمال شدہ بیلٹ پیپرز ، پریزائیڈنگ افسران کا تقرر نامہ شامل ہیں یہ تمام سامان تھیلوں سے غائب تھا ۔

واضح رہے کہ انسفیکشن کے تمام کاغذات ECP4 سےECP14 تک ترتیب سے ان لفافوں میں سیل ہوتے ہیں لیکن تعجب کی بات ہے کہ آج جیسے ہی تھیلے کھولے گئے اس میں مذکورہ تمام لفافے اور مطلوبہ سامان غائب پایا گیا ۔ سیکشن 44،45 / 1976 کے مطابق جانچ پڑتال کے لئے متعلقہ سامان ان لفافوں میں سیل ہونا لازمی ہے ۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج جسٹس ظہور احمد ھکڑو جو کہ ریٹرننگ آفیسر کی حیثیت سے اس کیس میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں وہ تما م رپورٹ بنا کر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو روانہ کریگا ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما عبد الرزاق خان نے کہا کہ الحمد ﷲ آج دھاندلی کے خلاف جہاد میں ہمیں ایک اور کامیابی ملی ۔ تحریک انصاف کے حفیظ الدین نے سابق ریٹرننگ آفیسر اور دیگر عملے کے ساتھ مل کر پی ایس 93کے عوام کے حق پر ڈھاکہ ڈال کر ان کا مینڈیٹ چوری کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ امتحان کا وقت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے لئے ہے کہ جس کے مطالبے پر ملک بھر میں دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا ۔

اب کیا پی ایس 93 میں دھاندلی کرنے والا تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری حفیظ الدین کے دھاندلی کی تحقیقات اس کمیشن کے ذریعے کی جائیں گی یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل اور پھر سندھ ہائی کورٹ حفیظ الدین پر دھاندلی ثابت کر کے ان کی نااہلی کا اعلان پہلے ہی کر چکے ہیں۔ عبدالرزاق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تھیلوں سے سامان کا غائب ہونا تشویش ناک امر ہے اس دھاندلی پر بھی اگر آنکھیں بند کردی گئیں تو الیکشن کمیشن کی شفافیت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے انہوں نے کہا کہ مکافات عمل شروع ہوچکا ہے وہ وقت دور نہیں کہ حفیظ الدین اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :