ایم کیو ایم کی وزیراعظم کے دورہ کراچی پر تنقید بلاجواز ہے ، منتخب نمائند ے تنقید کی بجائے وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہیں

نوازشریف نے ہمیشہ کراچی سے متعلق ہر مسئلہ کے حل میں ذاتی دلچسپی لی وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کا ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے بیان پرردعمل

بدھ 1 جولائی 2015 22:34

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی وزیراعظم کے دورہ کراچی پر تنقید کو بلاجواز قرار د یتے ہوئے کہاہے کہ بلا جواز تنقید کرنے کی بجائے کراچی کے منتخب نمائندوں کو وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہنا چاہئے اورعوام کودرپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کرنی چاہیے، وزیراعظم نے ہمیشہ کراچی سے متعلق ہر مسئلہ کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لی۔

بدھ کو ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی وزیراعظم کے دورہ پر بیان کے ردعمل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوز شریف نے اپنے دورہ کراچی میں تمام طبقات سے ملاقات کی اور کراچی میں حالیہ شدید گرمی کے باعث ہونے والی اموات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ ایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے موثراحتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم اس سے پہلے بھی کراچی سے متعلق ہر مسئلہ کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لیتے رہے ہیں اور اب تک ہونے والے بحران خواہ وہ دہشت گردی سے منسلک ہو یا انسانی جانوں کے ضیاع بارے ، وزیراعظم نے ہمیشہ ذاتی دلچسپی لے کر مسئلے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے منتخب نمائندے اپنا کردار اور ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھاتے تو اس طرح کے واقعات رونما ہی نہ ہوتے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلا جواز تنقید کرنے کی بجائے کراچی کے منتخب نمائندوں کو وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہنا چاہئیے اورعوام کودرپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کرنی چاہیے۔