مالی سال 2015-16کے بجٹ میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے،مشتاق غنی

سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن، تنخواہوں ، پنشن اور میڈیکل الاؤنس میں اضافہ سے حکومت کو 14ارب روپے اضافی برداشت کرنا ہوں گے،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

بدھ 1 جولائی 2015 22:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی سے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں آل درجہ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور صوبائی حکومت کی جانب سے کلاس فور ملازمین کی دو درجہ اپ گریڈیشن کا باضابطہ اعلامیہ جاری ہونے پران کا شکریہ ادا کیا۔

وفد نے درجہ چہارم ملازمین کے اپ گریڈیشن کے دیرینہ مطالبہ کی منظوری اور نوٹیفیکیشن جاری ہونے پر صوبائی وزیر اطلاعات کی ذاتی کوششوں پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا بھی دلی شکریہ ادا کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2015-16کے بجٹ میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن، تنخواہوں ، پنشن اور میڈیکل الاؤنس میں اضافہ سے حکومت کو 14ارب روپے اضافی برداشت کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی حکومت نے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں ایک متوازن اور بہترین بجٹ پیش کیا ہے ۔

موجودہ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اگر سرکاری ملازمین کو مراعات فراہم کی جائیں تو وہ اپنے فرائض مزید ایمانداری اور تندہی سے انجام دیں گے جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہترہو گی اور عوام کا ان اداروں پر اعتماد بحال کرنے میں مددحاصل ہو گی۔ وفد میں صوبائی صدر آل درجہ چہارم ایسوسی ایشن اکبر خان مہمند، صدر سول سیکرٹریٹ ڈرائیور ایسوسی ایشن منظور خان و دیگر شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :