متحدہ رہنماء عامر خان کی رہائی مائنس الطاف حسین فارمولے کا آغاز ہے، اشرف نوناری

لوگوں کو یقین تھابلاول بھٹو زرادری اپنی ماں اور نانا کی طرح عوامی سیاست کرینگے لیکن وہ زرادری اینڈ کمپنی کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں

بدھ 1 جولائی 2015 22:47

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) سندھ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اشرف نوناری نے کہا ہے کہ متحدہ رہنماء عامر خان کی رہائی مائنس الطاف حسین فارمولے کا آغاز ہے، سندھ کے لوگوں کو یقین تھاکہ بلاول بھٹو زرادری اپنی ماں اور نانا کی طرح عوامی سیاست کرینگے لیکن وہ زرادری اینڈ کمپنی کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں، سندھ میں آنے والا دور قوم پرستوں کا ہے۔

وہ حالی روڈ پرضلعی رہنماء خادم بلوچ کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر اختر سندھی ،مشتاق کھوکھر،رمضان بلیدی اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اشرف نوناری نے کہا کہ متحدہ رہنماء عامر کی رہائی الطاف حسین مائنس فارمولے کا آغاز ہے متحدہ کا وجودچاہئے الطاف حسین کی قیادت میں ہو یا کسی اور لیڈر کی ایم کیو ایم ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہے ، انہوں نے کہاکہ تقسیم ہندوپاک کے دوران سندھ آنے والے اردوسندھی(مہاجر)خود کو بانیان پاکستان کہلاتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارے خون کی قربانی سے بنا ہے اور سب سے زیادہ قربانیاں مہاجروں نے دیں جبکہ دوسری جانب مہاجروں کے نام نہاد ٹھیکیدار الطاف حسین گذشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت کے ساتھ مل کر نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان توڑنے کی کوششیوں میں مصروف ہے،برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ اور ایم کیوایم رہنماء طارق میر کے اعترافی بیان نے مہاجروں کے سرشرم سے جھکادئیے ہیں اب مہاجروں کو اپنی حب الوطنی ظاہر کرنے کے لئے بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے ایجنٹ الطاف حسین سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ایم کیوایم ملک دشمن قرار دے کر پابندی لگانے کے بجائے مائنس الطاف حسین فارمولے پر کام کررہی ہے اگرایم کیوایم سے الطاف حسین کو باہر بھی کردیا گیا تو بھی ایم کیوایم ملک کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے، انہوں نے کہاکہ گزشتہ 7سال سے پی پی پی حکومت نے سندھ کو صومالیہ اور ایتھوپیا بنادیا ہے بینظیر کے بعد سندھ کے لوگوں کو یقین تھا کہ بلاول بھٹوزرداری اپنی ماں کی طرح عوام لیڈربن کر عوام کی خدمت کرینگے گے مگر وہ اپنی ماں کے نقشے قدم پر چلنے کی بجائے زرادری اور فریال تالپور کے دئیے گئے راستوں پر رواں دواں ہیں، انہوں نے کہاکہ آنے والا دور قوم پرستوں کے لئے ساز گار ہے جس کے لئے قوم پرست اپنی باہمی اختلافات کرکے سندھ اور سندھی قوم کے وسیع ترمفاد میں متحدہوجائیں بصورت دیگر ایک بار پھر سندھ کارڈ سندھ کے مفاد پرست قوتوں کے ہاتھوں میں چلا جائے گا۔