صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا ڈیرہ غازیخان کے رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ ، لوگوں سے سہولیات کے بارے میں معلوم کیا

بدھ 1 جولائی 2015 22:55

لاہور ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئر مین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے ڈیرہ غازیخان کے رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کیا- انہوں نے مختلف سٹالز پر جا کر اشیاء کے معیار ، وزن اور قیمتوں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ خریداری کیلئے آئے ہوئے لوگوں سے سہولیات کے بارے میں معلوم کیا- اس موقع پر کیبنٹ کمیٹی میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب مبشر رضا ، سپیشل سیکرٹری زراعت سید گلزار حسین شاہ ، ایم پی اے وحید گل سمیت دیگر اراکین بھی شامل تھے - صوبائی وزیر نے غلہ منڈی ڈیرہ او ر کوٹ چھٹہ کے رمضان بازاروں کے معائنہ کے دوران میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر تاریخی رمضان پیکج دیاہے جس کا مقصد کم وسیلہ کے حامل افراد کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہے -انہوں نے کہاکہ ہر رمضان بازار کیلئے علیحدہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں -کلوز سرکٹ کیمروں سمیت دیگر ذرائع سے رمضان بازاروں کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جا رہاہے - جس کی نگرانی براہ راست وزیر اعلی خود کر رہے ہیں - انہوں نے کہاکہ حکومت نے آٹا ، چینی ، گھی ، کوکنگ آئل سمیت منتخب اشیاء پر بھاری سبسڈی دی ہے علاوہ ازیں تاجر تنظیموں اور کاشتکاروں کے تعاون سے رمضان بازاروں میں پھل ، سبزی اور دیگر اشیائے خوردونوش سستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں - اس بات کا منہ بولتا ثبوت خریداروں کا رش رمضان بازاروں پر اعتماد کا اظہار ہے - انہوں نے کہاکہ آج کا معائنہ اس سلسلے کی کڑی ہے تاکہ حقیقی صورتحال کا جائزہ لیاجاسکے - صوبائی وزیر نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان کے صارفین کے فیڈ بیک میں کم نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کو سراہا ہے- اس موقع پر کمشنر محمد ثاقب عزیز ، آ رپی او رحمت اللہ نیازی ، ڈی سی او ندیم الرحمن ، ڈی پی او غلام مبشر میکن سمیت متعلقہ افسران موجود تھے -