سندھ حکومت وفاق کے تعاون سے عوامی پروجیکٹ اپنے مقررہ وقت سے قبل مکمل کرے گی، وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ کراچی سے اچھے کاموں کا آغاز ہو رہا ہے، کراچی میں گرمی اور لو لگنے سے ہونے والی اموات پر دکھ ہے ، قدرتی آفت میں سب کو مل کر چلنا چاہئے نہ کے سیاست کرنی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس

بدھ 1 جولائی 2015 22:58

کراچی ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جولائی۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت وفاق کے تعاون سے عوام کی فلاح وبہبود کے پروجیکٹ اپنے مقررہ وقت سے قبل مکمل کرے گی، وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ کراچی سے اچھے کاموں کا آغاز ہو رہا ہے، کراچی میں گرمی اور لو لگنے سے ہونے والی اموات پر دکھ ہے، اس قدرتی آفت میں سب کو مل کر چلنا چاہئے نہ کے سیاست کرنی چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن اور معاون خصوصی صدیق ابو بھائی کے علاوہ سماجی رہنماء رمضان چھیپا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے وفاق کے تعاون سے جاری پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے بات ہوئی ہے اور وزیر اعظم نے سندھ حکومت کے کاموں اور اس کی کارکردگی کو سراہا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے تین بڑے پروجیکٹ گرین لائن کے 4 اور ایس تھری کو اپنے مقررہ وقت سے قبل مکمل کیا جائے گا اس سلسلے میں وزیر اعظم نے جلد فنڈز کی فراہمی کا بھی یقین دلایا ہے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے بڑی تیزی سے کام کیا جائے گا اور اس شہر میں پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کر کے دم لیں گے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں بجلی، پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل پر بات ہوئی ہے اور وزیر اعظم نے سندھ حکومت کو اعتراضات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، ہمیں مطمئن بھی کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کے سندھ کے عوام کے ساتھ جو ہمدردی کا دورہ کیا ہے اس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں اچانک گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تھا جو کہ قدرت کی طرف سے تھا لیکن اس میں جو کے الیکٹرک کی غیر ذمہ دارانہ رویہ رہا ہے اس سلسلے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کو آگاہ بھی کیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے موجودہ گرمی اور لو کے موسم میں اسپتالوں میں اپنا مکمل کام جاری رکھا ہوا تھا جس کی تصدیق وزیر اعظم کی موجودگی میں ایدھی، چھیپا، عالمگیر ویلیفئر، انڈس سمیت دیگر سماجی تنظیموں کے نمائدوں نے بھی کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سماجی تنظیموں کے ممبران نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بتایا کہ کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بھی زائد اموات کا سبب بنی ہے اس لئے کے الیکٹرک کو بری الزمہ نہ سمجھا جائے۔