سرفراز مرچنٹ سے متعلق آنے والی رپورٹ پولیس دستاویزات ہیں،سکاٹ لینڈ یارڈ،متحدہ رہنماوٴں سے تفتیش سے متعلق دستاویز لیک کیسے ہوئیں؟ برطانوی حکومت نے تحقیقات شروع کر دیں

بدھ 1 جولائی 2015 23:45

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔1 جولائی۔2015ء) برطانوی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماوٴں سے تفتیش سے متعلق دستاویز لیک ہونے کی تحقیقات شروع کر دیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں سے تفتیش سے متعلق دستاویز لیک ہونے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ملوث پائے جانے والے اہلکاروں کو فارغ کیا جائے۔

برطانوی اٹارنی جنرل آفس سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ادارے کسی بھی کیس کی معلومات دوسرے ملک یا شخص کو نہ دیں۔ کسی دوسرے ملک کو کسی مقدمے کی معلومات فراہم کرنے سے پہلے حکومت کو عدالت سے اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ برطانوی حکومت کے مطابق کسی دوسرے ملک کو معلومات فراہم کرنے سے ملزمان فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی اٹارنی جنرل آفس نے حکم دیا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی سرکاری دستاویز کے بارے میں تحقیقات کی جائیں جس کے بعد برطانوی حکومت نے دستاویز لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

برطانوی پولیس سکاٹ لینڈ یارڈکا کہنا ہے کہ سرفراز مرچنٹ سے متعلق آنے والی رپورٹ پولیس دستاویزات ہیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے سرفراز مرچنٹ سے متعلق آنے والی رپورٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ پولیس دستاویزات ہیں، یہ رپورٹ میڈیا پر آنے سے تحقیقات پر اثر پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :