شلپا شیٹھی نے”دی رائلز“ میں پیشکش ٹھکرا دی

جمعرات 2 جولائی 2015 11:24

شلپا شیٹھی نے”دی رائلز“ میں پیشکش ٹھکرا دی

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کندرا رایلٹی شو ”بگ برادر۔5“ سے برطانیہ کے تقریباًہر گھر میں اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔ ان کی اسی مقبولیت کے باعث انھیں ایک اور ٹی وی ڈرامہ سیریل ”دی رائلز“ کی پیشکش ہوئی ہے مگر شلپا شیٹھی نے اس میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پروڈیوسرز نے اداکارہ سے مشہور ڈرامہ سیریل کے سلسلہ میں رابطہ کیا مگر انھوں نے وقت نہ ہونے کے باعث اس میں کام کرنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کا کہناتھا کہ ڈرامہ کی ٹیم جولائی کے وسط سے شوٹنگ شروع کرنا چاہتی تھی جو 20 دنوں میں مکمل کی جانی تھی مگر شلپا پہلے ہی ان تاریخوں میں کسی اور کام کی شوٹنگ کے لیے حامی بھر چکی تھی جس کی وجہ سے ان کے لیے ”دی رائلز“ میں کام کرنا ممکن نہیں تھا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارتی اخبار کے مطابق شلپا شیٹھی کو ڈرامے کا اسکرپٹ بہت پسند آیا تھا اور ابتدا میں وہ اس میں کام کرنے کے لیے راضی بھی تھیں مگر انھوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ ایک اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

دوسری طرف وہ خود اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کرتی ہیں اس لیے ان کے لیے اسے چھوڑ کر بیرون ملک جانا ممکن نہیں ہے اور وہ ڈرامے کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکتیں۔ادھر ایک بھارتی شوبزویب سائٹ کے مطابق شلپا شیٹھی کے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ بالی ووڈ فلم ”دی مین“ میں اہم کردار نبھارہی ہیں۔اس فلم کی ہدایات اداکار سنی دیول دیں گے جو اس سے قبل شلپا کے ساتھ تین فلموں ”ہمت“ ، ”انڈین“ اور ”اپنے“ میں ہیرو آچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم ابھی پری پروڈکشن کے مراحل میں ہے اور اس کی شوٹنگ رواں برس کے آخر تک شروع کردی جائے گی جب کہ اسے اگلے برس سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا۔