دنیا کے سب سے طویل القامت شخص محمد عالم چنا کی سترہویں برسی منائی گئی

جمعرات 2 جولائی 2015 11:46

سہون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) اپنے زمانے میں دنیا کے سب سے طویل القامت شخص محمد عالم چنا کی سترہویں برسی منائی گئی ۔محمد عالم چنا 1956ء میں سندھ کے تاریخی شہر سہون کے گاوٴں بچل چنہ میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن ہی سے ان کا قد عام انسانوں کے مقابلے میں غیر معمولی طور پر بڑھتا رہا۔ 1981ء میں جب دنیا کے سب سے طویل القامت شخص ڈان کوہلر کی وفات ہوئی تو گنیز ورلڈ بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مرتبین نے انہیں دنیا کا سب سے طویل القامت شخص تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔

اس وقت ان کا قد 8 فٹ 2.5 انچ بتایا گیا تھا۔ 1985ء میں گنیز بک کے مرتبین نے اعلان کیا کہ محمد عالم چنا کا اصل قد 7 فٹ 9.1 انچ ہے اور یوں محمد عالم چنا سے دنیا کے سب سے طویل القامت شخص ہونے کا اعزاز چھن گیا اور یہ اعزاز موزمبیق کے جبریل مونجانے اور لیبیا کے سلیمان علی نشنش کے پاس آگیا۔

(جاری ہے)

محمد عالم چنا نے امریکا، فرانس، کینیڈا، جاپان، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک کا دورہ کیا۔

ان میں سے بیشتر ممالک نے انہیں اپنے ملک کی شہریت دینے کی پیش کش کی جسے انہوں نے پاکستان کی محبت کے باعث ٹھکرا دیا۔۔ 1998ء میں جب وہ گردوں کی خرابی کے باعث شدید بیمار پڑے تو وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر انہیں علاج کے لئے امریکا لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور 2جولائی 1998ء کو نیویارک کے ایک ہسپتال میں وفات پاگئے۔ وہ سہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں آسودہ خاک ہیں۔

متعلقہ عنوان :