دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، فیصلہ کن ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرینگے، مصباح الحق

جمعرات 2 جولائی 2015 11:46

دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، فیصلہ ..

پالے کیلی ۔ 02 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا کے ہاتھوں تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کے باوجود انکی ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف میچ بلکہ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کریگی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ ہے اور آئی لینڈرز کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کے لیے بے تاب ہے۔ مصباح الحق نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم خطرناک حریف ہے اور اسکو اس کی سر زمین پر شکست دینا آسان نہیں ہے، تاہم آئی لینڈرز کے خلاف سیریز اپنے نام کرنے کے لیے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی، یقین ہے کہ نوجوان کھلاڑی عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے توقعات پر پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی ٹیم نے 25 سے 29 جون تک کولمبو کے مقام پر کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں شاندار کم بیک کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ کل جمعہ سے پالے کیلی میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ سری لنکن ٹیم ماضی کی طرح ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے اس کے خلاف سیریز جیتنا آسان نہیں ہوگا تاہم اگر کھلاڑی گیم پلان کے مطابق کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے تو ہم سیریز اپنے نام کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ انکی ٹیم آئی لینڈرز کے خلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میں اچھا کھیل پیش کر کے سیریز اپنے نام کریگی کریگی۔