ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت و امیدوار برائے جنرل کونسلر وارڈ نمبر 9 بابو پرویز خان نے کہا ہے کہ سیاست لوٹ کھسوٹ اور ذاتی بینک بیلنس بڑھانے کا نہیں بلکہ حلقہ عوام کی بے لوث و بلا امتیاز خدمت کا نام ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 2 جولائی 2015 12:27

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت و امیدوار برائے جنرل کونسلر وارڈ نمبر 9 بابو پرویز خان نے کہا ہے کہ سیاست لوٹ کھسوٹ اور ذاتی بینک بیلنس بڑھانے کا نہیں بلکہ حلقہ عوام کی بے لوث و بلا امتیاز خدمت کا نام ہے، ہمارے گھرانے نے سیاست کو ہمیشہ عبادت کا درجہ دیا جس کی سنہری مثال میرے چھوٹے بھائی ممبر طفیل خان کی بے مثال سیاسی خدمات اور مقبولیت ہے، گروپ لیڈر ، سابق ناظم نزاکت خان ، دوست و احباب، عزیز و اقارب بالخصوص اہلیان محلہ کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کروں گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا، انہوں نے مزید کہا کہ حضرو شہر کو ماضی میں حضرو شہر کو نظر انداز کیاگیا، انشاء الله آمدہ الیکشن میں منتخب ہو کر حلقہ عوام کے دیرینہ و بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا، کردار کشی اور کسی کی پگڑی اچھالنا خاندانی اور باعزت شخص کو زیب نہیں دیتا، ہمارا گروپ باکردار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ہے اور اس وقت عوام کی کثیر رائے کے مطابق نزاکت خان گروپ مد مقابل گروپوں پر واضح برتری رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہمارا گروپ اپنا منشور عوام کے سامنے پیش کرے گاجس میں حضرو کے دیرینہ اور حل طلب مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کا اعادہ کیا جائے گا۔