تحصیل فتح جنگ کے گاؤں سکھوال میں ایک با اثر شخص نے آبادی سے ملحقہ برساتی نالے کے سامنے بند باندھ کرغیر قانونی ڈیم کی تعمیر شروع کر دی

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 2 جولائی 2015 12:29

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)تحصیل فتح جنگ کے گاؤں سکھوال میں ایک با اثر شخص نے آبادی سے ملحقہ برساتی نالے کے سامنے بند باندھ کرغیر قانونی ڈیم کی تعمیر شروع کر رکھی ہے، جس کے لیے اس نے کسی بھی متعلقہ ادارے یا حکومت سے این او سی نہیں لیااور نہ ہی کوئی زمین کی ٹیسٹ رپورٹ حاصل کی ہے،اس ڈیم کے ساتھ مشرق اور شمال کی جانب سے دو روڈ گزرتے ہیں جو کہ زیر آب آ جائیں گے،اس ڈیم سے سب سے بڑا خطرہ ان معصوم بچوں کو ہے جوسکول جاتے ہوئے اسی واحد راستے سے گزریں گے جو زیر تعمیرڈیم کے کنارے واقع ہے اوربچوں کے تحفظ کے لیے کوئی حفاظتی دیوار یافینسنگ نہیں کی گئی ہے،اس ڈیم کا آبادی میں ہونے کی وجہ سے ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہ ہو گا،گاؤں کے 50فیصد لوگوں کی زمینوں کی طرف جانے والا واحد رستہ بھی زیر آب آ جائے گا،اس کے علاوہ اسی ڈیم سے ملحقہ سڑک کے کنارے گیس پائپ لائن اور پورے گاؤں کی واٹر سپلائی ،قبرستان کا راستہ اور مسجد کے کنوئیں بری طرح متاثر ہوں گے،گاؤں کے مکینوں نے اس غیر قانونی کام کو روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جس پر عدالت نے حکم امتناعی جاری کیا مگریہ با اثر شخص قانون کی دھجکیاں بکھیرتے ہوئے دن رات کھدائی کاکام جاری رکھے ہوئے ہے،متعلقہ پولیس نے عدالتی حکم کے باوجود اہل علاقہ سے تعاون نہیں کیا، غیر قانونی بننے والے ڈیم کے خلاف اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اہل علاقہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلیٰ حکام،خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی ڈیم کی تعمیر کو روکا جائے تاکہ علاقے کو درپیش مسائل سے چھٹکارا مل سکے۔