مصری فوج کی انتقامی کارروائی میں 100 شدت پسند ہلاک

جمعرات 2 جولائی 2015 13:05

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) مصر کی مسلح افواج نے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں انتقامی کارروائی کرتے ہوئے شدت پسند تنظیم "انصار بیت المقدس" کے خلاف تازہ آپریشن میں 100 جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق مصری فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بدھ کو علی الصباح جزیرہ سیناء میں فوج کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد فوجی مارے گئے تھے۔

دہشت گردوں کی جانب سے مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر 55 منٹ پر بارود سے بھری گاڑیوں اور آتشیں اسلحہ سے فوجی بنکروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 اہلکار مارے گئے۔ مرنے والوں میں چارسینئر افسر بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم 100شدت پسند ہلاک کیے ہیں اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ جزیرہ نما سیناء میں تازہ لڑائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پچھلے تین روز سے قاہرہ میں بھی بم دھماکوں کی وجہ سے کشیدگی کی فضاء پائی جا رہی ہے۔ تین روز قبل قاہرہ میں ایک بم دھماکے میں پراسیکیوٹر جنرل ہشام برکات کو ہلاک کردیا گیا تھا۔جزیرہ نما سینا میں شدت پسندوں نے گذشتہ روز کے حملے میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ دوسری جانب مصری حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔ حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قانون میں مزید ترامیم بھی شروع کی ہیں تاکہ دہشت گردی کے الزامات کے تحت سزا پانے والوں کو جلد از جلد سزائیں دی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :