سری لنکا ‘ سابق صدر کا وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب لڑنے کا اعلان

جمعرات 2 جولائی 2015 13:53

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) سری لنکا کے سابق صدر مہندا راجہ پکسے نے وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔سابق صدر نے اپنے حلقہ انتخاب ہمبنتوتا میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیں گے تاکہ کامیاب ہو کر وزارت عظمیٰ کا انتخاب لڑ سکیں۔راجہ پکسے 10 سال تک سری لنکا کے صدر رہنے کے بعد رواں سال جنوری میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں میتھری پالا سری سینا کے ہاتھوں شکست کھا گئے تھے۔

(جاری ہے)

صدارتی انتخاب میں شکست کے بعد انہیں اپنی جماعت سری لنکا فریڈم پارٹی' (ایس ایل ایف پی) کی قیادت سے بھی محروم ہونا پڑا تھا جس کے اکثر ارکانِ پارلیمان نے نومنتخب صدر کی حمایت کااعلان کردیا تھا۔سری لنکا کے موجودہ صدر سری سینا کا تعلق بھی ایس ایل ایف پی سے ہے جنہوں نے صدارتی انتخاب میں راجہ پکسے کو شکست دینے کے لیے حزبِ مخالف کے رہنما رانیل وکرما سنگھے کے ساتھ اتحاد کیا تھا اور صدر بننے کے بعد وکرما سنگھے کو اپنی مخلوط حکومت کا وزیرِاعظم مقرر کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :