یونان کا بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی بیشتر شرائط منظور کرنے کا عندیہ

جمعرات 2 جولائی 2015 13:59

واشنگٹن ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) یونان نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو ان کی بیشتر شرائط منظور کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یونانی وزیر اعظم الیکسس سپراس نے یورو زون کے وزرائے خزانہ کو تحریر کردہ ایک خط میں واضح کیا ہے کہ نئے بیل آوٹ پلان کے لئے ان کا ملک یورپی کمیشن کی بیشتر شرائط منظور کرنے کے لئے تیار ہے۔

یونانی وزیراعظم کے تحریر کردہ خط کو یورپی ممالک کے وزرائے خزانہ کی ٹیلی فونک کانفرنس سے ایک گھنٹہ پہلے میڈیا کو جاری کیا گیا۔ خط میں واضح کیا گیا کہ یونان قرض خواہوں کی شرائط تسلیم کرنے کے لئے ماضی کے مقابلے میں زیادہ خواہش مند ہے۔ہالینڈ کے وزیر خزانہ، جیرون ڈی جیزلبوم نے اس حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ یونان کے لئے موجودہ پروگرام میں توسیع پاگل پن ہوگا۔

(جاری ہے)

یونانی حکومت نے پیشکش کی ہے کہ نئے قرضوں کے لئے اگر بات چیت کا دوبارہ آغاز ہو تو اتوار کو ہونے والے ریفرنڈم کو منسوخ کیا جا سکتا ہے۔اس غیر یقینی معاشی صورتحال میں یونانی وزیر خزانہ نے بنکوں کی ایک ہزار برانچیں کھول دی ہیں، تاکہ پنشنروں کو ادائیگی کی جاسکے۔ یونان نے گزشتہ 5برسوں میں حاصل ہونے والی قرضوں کی خطیر رقم استعمال کرچکا ہے اور حکومت یورپی یونین سے مزید مالی رعایتوں کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے عوام پہلے ہی اخراجات میں کٹوتی اور اضافی ٹیکسز کی وجہ سے پریشان ہیں اور ان کا معیار زندگی پست ہوا ہے۔