عالمی برادری لاپتہ کشمیریوں کے بارے میں معلومات کی فراہم کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے‘ وائس آف وکٹمز

جمعرات 2 جولائی 2015 14:03

سرینگر ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مقامی تنظیم ” وائس آف وکٹمز“نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ لاپتہ کشمیریوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے انسانی حقوق کے حوالے عالمی قوائد وضوابط پر عمل درآمد کرے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وائس آف وکٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لاپتہ شہریوں کے اہلخانہ انتہائی کرب کی زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ انہیں برسوں سے اپنے لاپتہ پیاروں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت لاپتہ کشمیریوں کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

عبدالقدیر نے کہا کہ وائس آف وکٹمز کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ سخت پریشانی اور مشکلات کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہمولہ کے رہائشی عبدالرشید وار کو بھارتی فورسز نے اپریل 1993میں گرفتار کیا تھا جن کا آج تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عبدالرشید کے بچوں کے مطابق پولیس نے انکے والد کی گمشدگی کی پورٹ درج کرنے سے انکار کر دیا تھا اور ان کے اتنے پیسے نہیں تھے کہ وہ اپنے والدکا مقدمہ لڑتے۔ عبدالقدیر نے کہا کہ بارہولہ کے علاقے رنگوار کے نذیر احمد وانی کو بھی محض سولہ برس کی عمر میں گرفتار کر کے لاپتہ کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نذیر احمد کی والدہ اس وقت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور انکے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں۔

انہوں کہا کہ رفیع آباد کے اعجاز احمد گنائی اور فاروق احمد خان کو بھی گرفتار ی کے بعد لاپتہ کر دیا گیا ہے جن کے اہلخانہ برسہابرس گزرنے کے باوجود انصاف کے منتظر ہیں۔ عبدالقدیر ڈار نے عالمی برادری ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور بھارتی سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ لاپتہ کشمیریوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے حوالے سے بھارت پر دباؤ ڈالیں