شیڈولڈ بینکوں کو اپنی خراب اے ٹی ایم مشینیں 48 گھنٹوں کے اندر اندر آپریشنل کرنے کی ہدایت

جمعرات 2 جولائی 2015 14:08

شیڈولڈ بینکوں کو اپنی خراب اے ٹی ایم مشینیں 48 گھنٹوں کے اندر اندر آپریشنل ..

فیصل آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) بینک دولت پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الفطرتک اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم برانچز میں نصب اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھیں تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتہ داران کوماہ صیام کے دوران عید الفطر تک رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے نیز تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی خراب اے ٹی ایم مشینیں 48 گھنٹوں کے اندر اند ر درست کروا کر انہیں چالو حالت میں لائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میں کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔

سٹیٹ بینک فیصل آباد کے ذرائع نے بتا یا کہ مختلف بینکوں کے کھاتہ داران کی جانب سے سٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گذشتہ سا ل ماہ صیام کے دوران بالعموم اور عید الفطرپر بالخصوص اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی سرانجام دہی میں بھی سخت دشواری پیش آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ تمام بینکوں کے حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ماہ صیام کے اختتام تک روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوں میں وافر کرنسی موجود رکھی جائے ۔ا نہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔